ہندوستانی اسکالرز اور علمائے کرام سے حفید علامہ سید سعید اختر رضوی (رہ) کی ملاقات
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں حفید علامہ سید سعید اختر رضوی (رہ) جناب حجۃ الاسلام و المسلمین سید کاظم رضوی نے ہندوستان کے معروف اور بزرگ علماء اور اسکالرز سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات حضرت فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کے جوار بابرکت ، سرزمین قم پر بنیاد اختر تابان کے دفتر میں انجام پائی ۔
حفظان صحت کے مسائل اور اجتماعی فاصلہ گذاری کے قانون کی رعایت کی وجہ سے اس ملاقات کا یہ پروگرام تین شب میں انجام پایا اور ہر شب ہندوستان کے معروف و مشہورعلماء، خطباء اورمفکرین کو دعوت دی گئی۔
اس ملاقات کے پروگرام میں ہر روز افطارکی ضیافت کے بعد مختصر طور پر بنیاد اختر تابان کی سرگرمیوں اور مختلف علمی، تعلیمی اور تحقیقی خدمات کو علمائے کرام کی خدمت میں پیش کیا گیا جن کو علماء نے بہت پسند فرمایا اور بنیاد اختر تابان کی ترقی اور کامیابی کے لئے اپنی اپنی تجاویز سے نوازا اور دعائیں کیں۔
ہر روز پروگرام کے آخر میں بنیاد اختر تابان کے مدیر محترم حجۃ السلام سید کاظم رضوی صاحب نے حاضر میہمانوں سے مختصر گفتگو فرمائی اور باہمی تعاون کے مطالبہ کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔
افطار کے اس پروگرام کا خاتمہ امام زمان (عج) کی سلامتی اور ظہور کی دعا اور مرحوم علامہ سید سعید اختر رضوی (رہ) کے لئے فاتحہ خوانی سے ہوتا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ تین شبوں کے اس پروگرام کے دوران بہت سے علماء کرام نے علامہ رضوی (رہ) کی شخصیت اور بنیاد اختر تابان کی تاسیس اور اس ادارے کی اہمیت و ضرورت کے بارے میں اپنے تأثرات کا بھی اظہار کیا تھا۔