علامہ سید سعید اختر رضوی (رہ) کی انیسویں (۱۹) برسی کا قم المقدسہ میں انعقاد
رئیس المبلغین علامہ سید سعید اختر رضوی گوپالپوری (طاب ثراہ) کی ۱۹ویں برسی کے موقع پر بنیاد اختر تابان کی جانب سے ایک مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا۔
اس مجلس کا انعقاد حسینیہ امام صادق علیہ السلام (قم المقدسہ، ایران) میں ہوا جس میں کثیر تعداد میں علماء اور طلاب کرام نے شرکت فرمائی۔
مجلس کا آغاز جناب حسن جیدی صاحب نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد مشہور شاعر حجۃ الاسلام و المسلمین عالیجناب مولانا فیروز عباس خان صاحب نے علامہ کے سلسلہ سے منظوم نذرانہٴ عقیدت پیش کیا۔
مجلس کو حوزہ علمیہ قم کے استاد اور مشہور و معروف خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین عالیجناب مولانا سید سبطین عباس رضوی (دام ظلہ) نے خطاب فرمایا۔ آپ نے اپنی تقریر میں آیات و روایات کی روشنی میں عالم دین کے مقام و منزلت کو بیان کرتے ہوئے علامہ رضوی مرحوم کی علمی اور تبلیغی شخصیت کو پیش کیا اور آخر میں مصائب اہل بیت علیہم السلام بیان فرمایا۔