رئیس المبلغین تربیت مبلغ تخصصی کورس کے پہلے دورے کا اختتام
حضرت امام مہدی (عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کی ولادت کے موقع پر بنیاد اختر تابان میں تین ماه سے جاری ’’رئیس المبلغین تربیت مبلغ تخصصی کورس‘‘ کے پہلے دورے کے اختتام کی تقریب منعقد ہوئی۔
سرزمین قم پر حضرت معصومۂ قم علیہاالسلام کے جوار میں اردو زبان سے تعلق رکھنے والے طلاب کرام کے لئے تربیت مبلغ تخصصی کورس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہندوستان اور ایران کے ماہر اساتذہ نے تقریر و تحقیق سے مربوط منعقد ہونے والی کلاسوں میں خدمات انجام دیں اور طلاب کرام کو عملی طور پر خطابت و تقریر اور تحقیق سے مربوط مختلف رموز و فنون سے مزیّن فرمایا۔ یہ کورس تین مہینہ میں تقریباً۵۰ گھنٹوں پر مشتمل تھا۔
اس کورس کے اختتام پر منعقد ہونے والی تقریب میں اردو زبان کے شعرائے کرام حجۃ الاسلام محمد علی حیدرآبادی، حجۃ الاسلام شفیع گوپالپوری اور حجۃ الاسلام سید نجیب الحسن زیدی صاحبان اورعربی زبان میں گروہ تواشیح نے میلاد پر نور حضرت امام مہدی (عج) کی مناسبت سے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد آیۃ اللہ سید محمد حسینی قزوینی (مدیر مؤسسہ تحقیقاتی حضرت ولی عصرعج) نے ولایت ائمہ معصومین (علیہم السلام) کی اہمیت و ضرورت کے عنوان سے بصیرت افروز تقریر فرمائی اور زور دیا کہ مبلغین کو چاہئے کہ قرآن و احادیث کے معارف و دیگر علوم و فنون سے مزیّن ہوکر مذہب اہل بیت علیہم السلام اور دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کی کوشش کریں۔
تقریب کے آخر میں ہندوستانی اور افریقی مہمانوں کی موجودگی میں آیۃ اللہ سید محمد حسینی قزوینی (دامت برکاتہ) اور علامہ رضوی (رہ) کے حفید ارجمند حجۃ الاسلام سید کاظم رضوی (مدیر بنیاد اخترتابان) کے توسط سے دورے کے اساتید محترم کی خدمت میں لوح تقدیر و تشکر پیش کی گئی۔ اسی طرح شریک ہونے والے تمام طلاب کرام کی خدمت میں کامیابی کا سرٹیفکٹ دیا گیا۔